رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ دشمن کو یہ مفہوم اچھی طرح سمجھایا جاسکتا ہےکہ آبنائے ہرمز سے استفادہ سب کے لئے یا کسی کے لئے نہیں۔
انھوں نے تہران میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اگر کسی دشمن نے ایرانی عوام کے مفادات کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو انھیں منہ توڑ اور بھر پور جواب دیا جائے گا اور ایرانی قوم اور مسلح افواج کا جواب دشمن کے وہم و گمان سے بھی بالا تر ہوگا۔
ایرانی سپاہ کے سربراہ نے دفاع مقدس کے گرانقدر تجربات کو حال اور مستقبل کے لئے بہترین راہنما قراردیتے ہوئے کہا کہ وہابی دہشت گرد خطے میں امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی نیابت میں جنگ لڑ رہے ہیں خطے میں وہابی دہشت گردوں کی شکست در حقیقت امریکہ ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کی شکست ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض علاقائی عرب ممالک خطے میں عدم استحکام پیدا کرکے امریکہ اور اسرائیل کو فائدہ پہنچارہے ہیں ۔
جنرل جعفری نے سوئیزرلینڈ میں ایران کے تیل کی فروخت کے سلسلے میں امریکہ کی شیطنت اوردھمکیوں کے بارے میں ایرانی صدر کے بیان کو ٹھوس اور قاطع قراردیتے ہوئے کہا کہ آج ہم دشمن کو یہ بات اچھی طرح سمجھا سکتے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے استفادہ سب کے لئے یا کسی کے لئے بھی نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ایرانی قوم کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے آمادہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عرب ممالک کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسرائیل کی ناجائز ، جعلی اور غیر قانونی حکومت کی امریکہ حمایت کررہا ہے ۔
جنرل جعفری نے کہا کہ ایران کل بھی اور آج بھی فلسطینیوں کے ساتھ عملی طور پر کھڑا ہے اور ہم ہر اس سازش کو ناکام بنادیں گے جو فلسطینی عوام کی امنگوں کے خلاف ہو۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰