رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سانحہ نیوزی لینڈ پر ینگ ہیڈ چرچ وارث روڈ لاہور میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے کی جبکہ اس موقع پر مولانا محمد عاصم مخدوم، پادری عمائونل کھوکھر، قاری احمد شکیل و دیگر نے بھی شرکت کی۔
بشپ آزاد مارشل کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سانحہ نیوزی لینڈ بدترین سفاکیت ہے، مسلمانوں کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔ پادری عمانول کھوکھر نے کہا کہ دہشتگرد انسان کہلوانے کے بھی حقدار نہیں، خونخوار درندوں کا مذہب سے تعلق نہیں ہو سکتا۔
مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے، ماضی میں اسے اسلام کیساتھ جوڑنے کی ناکام کوشش کی گئی تاکہ اسلام کو بدنام کیا جا سکے اور عالمی سطح پر یہ ثابت کیا جا سکے کہ دہشتگرد صرف مسلمان ہی ہوتے ہیں اور اسلام ہی وہ مذہب ہے جو دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے مگر امریکہ اور اب نیوزی لینڈ میں ہونیوالے ان واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ دہشتگردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، مذہب رواداری کا درس دیتے ہیں، دنیا کا کوئی بھی مذہب دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف تمام مذاہب کو مشترکہ بیانیہ اپنا ہوگا۔ /۹۸۸/ ن