‫‫کیٹیگری‬ :
26 March 2019 - 22:12
News ID: 440046
فونت
حجت الاسلام سید ابراہیم رئیسی :
حرم مطہر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا : آستان قدس رضوی کی تمام تر اقتصادی سرگرمیوں کو شفاف بنانے کے لئے سیسٹم کا افتتاح کیا جا چکا ہے اور آستان قدس رضوی سے وابستہ تمام کمپنیوں کی اقتصادی سرگرمیوں کو اس سیسٹم میں رکھا گیا ہے تاکہ لوگ ان کمپنیوں کے مالی امور کی نگرانی کر سکیں۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حرم مطہر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے امام خمینیؒ ہال میں عید نوروز کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے پہلے حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے تقریر کی جس میں انہوں نے ماہ رجب المرجب کے بابرکت مہینے اور شمسی سال کی شروعات کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور پورے ملک میں منعقد ہونے والے مناسک اعتکاف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک سےنو جوانوں کی بہت زیادہ تعداد نے اعتکاف کی معنوی و روحانی عباد ت میں شرکت فرمائی ہے یہی جوان انقلاب اسلامی کی ترقی کا باعث ہیں۔

انہوں نے گذشتہ تین سالوں میں آستان قدس رضوی کی سرگرمیوں سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی جس کے پہلے حصے میں زائر محوری سے متعلق اب تک انجام پانے والے اقدامات کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا : زائر اور زیارت کا موضوع آستان قدس رضوی کی اوّلین ترجیح ہے اور اسی وجہ سے آستان قدس رضوی کے تمام منصوبے اسی چیز کو محور و مرکز قرار دیتے ہوئے انجام دیئے جاتےہیں۔

حجت الاسلام رئیسی نے بیان کیا : زائرین کی زیارت کو آسان بنانے کے لئے حرم مطہر کی اصلی معماری کو محفوظ رکھتے ہوئے بہت زیادہ تبدیلیاں کی گئی ہیں ، ہماری نظر میں زائر سفر کی ابتدا سے اختتام تک زائر ہوتا ہے اس لئے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ اس پورے زیارتی سفر کو آسان بنایا جائے اور اس سلسلے میں گذشتہ تین برسوں کے دوران نہایت عمدہ اقدامات انجام دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا : پورے ملک میں ضرورت مند زائرین کے لئے حرم مطہر رضوی کی زیارت کے لئے مناسب حالات فراہم کئے گئے ہیں اور گذشتہ تین برسوں کے دوران مختلف اداروں کے تعاون سے دس لاکھ سے زائد ضرورت مند زائرین کو پہلی بار حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کی زیارت نصیب ہوئی یہ سلسلہ ایسے زائرین کے لئے تھا جو مالی مسائل کی وجہ سے اب تک مشہد مقدس تشریف نہیں لا سکے تھے یا وہ زائرین جن کی آخری زیارت کوکئی سال گزر چکے تھے ۔

حجت الاسلام رئیسی نے بیان کیا : زائرین کی زیارت کو آسان بنانے کے لئے آستان قدس رضوی کا ایک اور اہم قدم رہائش کے لئے مفت یا بہت کم قیمت پر مختلف مراکز کی تأسیس تھی تاکہ کم آمدنی والے زائرین بھی حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہو سکیں، حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے خادموں کی کاوشوں سے زائر شہر رضوی پروجیکٹ ۲۰ ہزار افراد کو رہائش کی فراہم کے ساتھ شروع کیا گیا آج اس کا پہلہ مرحلہ قابل استفادہ ہے اس کے علاوہ رضوی زائر سرا کو کم آمدنی والے زائرین کے لئے تأسیس کیا گیا۔

انہوں نے حرم مطہر رضوی کے توسیعی پروگرام کے بارے میں بتایا کہ تحقیقات اور جائزہ لینے کے بعد ایسی جگہ کا انتخاب کیا جا چکا ہے جسے بعض مواقع پر چھت کی صورت میں اور بعض مواقع پر صحن کی صورت میں استعمال کیا جا سکے گا، اس صحن کی تعمیر و تأسیس کے لئے جس کا نام صحن رضوان رکھا گیا ہے ابتدائی اقدامات انجام دیئے جا چکے ہیں ، اور اس میں تین لاکھ افراد کی گنجائش ہو گی۔

حرم مطہر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی نے تقریر کے دوسرے حصہ میں بتایا کہ گذشتہ تین برسوں میں زائرین ومجاورین کی طرف سے دی جانے والی نذورات میں دو گنا اضافہ ہوا ہے اگر آج آستان قدس رضوی کی جانب سے اطعام و طعام تین گنا سے بھی زیادہ ہو چکا ہے تو اس کی وجہ لوگوں کی جانب سے دی جانے والی امداد میں اضافہ ہے۔ موقوفات میں بھی بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، دوہزار پندرہ میں میں وقف کئے جانے والے وقفی رقبوں کی تعداد فقط ۴ تھی جب کہ گذشتہ تین برسوں میں ان کی تعداد ۸۲ تک پہنچ چکی ہے ۔

انہوں نے کہا : اجتماعی اخراجات میں کمی اور اجتماعی سرمایہ میں اضافہ آستان قدس رضوی کی ترجیحات میں سے ہے ہم نے گذشتہ تین برسوں میں ایسے اقدامات انجام دینے سے گریز کیا ہے جن میں اجتماعی اخراجات کا استعمال تھا اور اس مقدس آستانہ کے اجتماعی سرمایہ میں اضافہ کے لئے جتنا ممکن ہوسکا تھا کوشش کی ہے۔

انہوں نے ثقافت کے موضوع پر آستان قدس رضوی کی توجہ کو جملہ اقدامات بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں مشہد مقدس کے اندر دس لاکھ مربع میٹر ثقافتی جگہوں میں اضافہ ہوا ہے اور یہ چیز تین ثقافتی و تربیتی کیمپوں کی تأسیس سے محقق ہوئی ہے۔ نوجوان لڑکوں کے لئے مخصوص امام رضا(ع) کیمپ،خواتین کے لئے خاتون نامی کیمپ اورپورے ملک کے اسٹوڈنٹس طبقے کے لئے بھی کیمپ تأسیس کیا گیا ہے ۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے کہا کہ اب تک امام رضا (ع) کیمپ اور باغ سے ۷۰ ہزار نوجوان مستفید ہو چکے ہیں اس کے علاوہ تہران میں باغ خوردین کے اندر توانا نامی تربیتی مرکز کو ٹرینر یا مربی کی تربیت کے لئے تأسیس کیا گیا ہے ۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سوغات زائر کے سلسلے میں آستان قدس رضوی کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوغات زائر زیارت سے متناسب ہونا چاہئے اس سلسلے میں دو سال تک علمی و تحقیقاتی مطالعات انجام دیئے گئے اورصنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ متعدد جلسے بھی منعقد کئے گئےاس سلسلے میں ہمارا اصلی کام نجی شعبوں کے ساتھ ہے۔

گذشتہ تین برسوں میں مندرجہ بالا اقدامات کےعلاوہ مختلف ادیان کے مابین علمی نشستوں کا انعقاد،عالم اسلام کے مقدس مقامات کے درمیان گفتگو کا سلسلہ،ہفتہ ثقافت رضوی کا انعقاد اور زیر سایہ خورشید نامی جشنوں کا اہتمام،حرم رضوی میں قرآنی تعلیم میں ۸ فیصد تک اضافہ اور مبلغین کو تبلیغ کے لئے بھیجنے جیسے اقدامات میں دو برابر اضافہ آستان قدس کے جملہ اقدامات میں سے ہیں۔

جناب حجت الاسلام رئیسی نے کہا کہ آستان قدس رضوی پورے ملک میں تین ہزار جہادی گروہوں کی حمایت کی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے ہے اس کے علاوہ غربت کے خاتمہ کے لئے محروم و پسماندہ علاقوں میں بہت زیادہ کوشش کی گئی ہے اور اس سلسلے میں چھوٹی چھوٹی نہروں اور روایتی آب رسانی کے نظام کی صفائی اور چھوٹے جانوروں کو ملک کے غریب علاقوں میں تقسیم کرنے کے پروجیکٹ وغیرہ شروع کئے گئے ہیں۔

حجت الاسلام رئیسی نے کہا : زراعت کے شعبہ میں اسٹراٹیجک بیجوں سے پودوں کی پیداوار اور میڈیسن کے شعبہ میں ملک میں ضروری اور اسٹراٹیجک دواؤں کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین سالوں میں قدرتی آفات کے دوران آستان قدس رضوی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور لوگوں کی مدد کے لئے ہمیشہ میدان میں حاضر ہوا ہے اس وقت کرامت رضوی فاؤنڈیشن صوبہ مازندران میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کو خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

آستان قدس رضوی کے محترم متولی نے بیان کیا : ہم نے اعلان کیا ہے کہ یہ بات مناسب نہیں ہے کہ حرم رضوی کے اطراف میں کوئی بھوکا سوئے اور اسی لئے ’’مشہد بھوکوں کے بغیر‘‘ کے عنوان سے ایک پروجیکٹ شروع کیا ہے ؛ یہ پروجیکٹ چند ایک مشہدی نوجوانوں کی کاوشوں اور آستان قدس رضوی کے تعاون سے شروع ہوا ہے اور کوشش یہ کی جا رہی ہے کہ انشاء اللہ اس عید میں کوئی بھی شخص مشہد اور مشہد کے اطراف میں بھوکا نہ سوئے ۔

حجت الاسلام سید ابرہیم رئیسی نے کہا : آستان قدس رضوی کی اقتصادی سرگرمیوں کو شفاف بنانے کے لئے اقتصادی شفاف سازی نامی سیسٹم شروع کیا گیا ہے اور اس سیسٹم کے شروع ہونے سے آستان قدس رضوی کی تمام سرگرمیاں مشاہدہ کی جا سکتی ہیں اور ہر شخص آستان قدس رضوی سے وابستہ کمپنیوں کے معاملات پر نظر رکھ سکتا ہے ۔ اس سیسٹم کا مقصد لوگوں کا اعتماد بحال کرنا اور اجتماعی سرمایہ میں اضافہ کرنا ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬