رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر کنوینئر اتحاد بین المسلمین پنجاب، خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور و چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے ممبران نے ملتان کا دورہ کیا، جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام شامل تھے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ملتان ڈویژنل سطح پر قائم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں کمشنر ملتان افتخار احمد سہو، آر پی او وسیم احمد خان، تمام اضلاع کے ڈی سی، سی پی او، ڈی پی اوز پولیس افسران و انتظامیہ سمیت اضلاع سے تمام مکاتب فکر کے مقامی علمائے کرام و امن کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اولیاء اللہ کے شہر ملتان میں اکٹھے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ آپس میں محبت امن و سلامتی اور وحدت کا درس دیا، جو کہ ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، ملک میں امن و امان کا قیام انتہائی ناگزیر ہے، حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے علماء، مذہبی رہنماؤں اور عوام الناس پر قومی، دینی و ملی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، عاشورہ محرم میں سب آپس میں متحد ہو کر وطن اور امن و سلامتی کے دشمنوں، شرپسندوں، تخریب کاروں پر کڑی نگاہ رکھیں اور شرپسندوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں، وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام کا شکار نہ ہونے دیں گے اور ایسے لوگوں پر کڑی نظر رکھیں جو ملک میں انتشار اور بدامنی کو پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء پاکستان کو پرامن ملک بنانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان پوری قوم کی آواز ہے، پیغام پاکستان کی کامیابی کیلئے علماء ہر قسم کی قربانی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنا کر ملک کو مستحکم کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء اور ذاکرین محرم الحرام کے پروگرامات و مجالس میں اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کریں، تمام مسالک کے عقائد و نظریات کا احترام کریں، تمام تر فروعی اختلافات کو چھوڑ کر امن کے فروغ کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، عوام الناس تک دین اسلام کا صحیح پیغام پہنچائیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ تمام مجالس میں کشمیر یکجہتی کا ذکر کیا جائے اور جلوسوں میں کشمیر کے پرچم بھی لہرائے جائیں، کشمیر کی ماؤں، بہنوں کی قربانی کو بھی یاد کیا جائے۔
اجلاس میں تمام شرکاء نے یقین دلایا کہ امن و سلامتی کے لئے سب ایک ہیں اور ملتان ڈویژن میں کسی قسم کا کوئی فرقہ وارانہ انتشار نہ ہے۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن افتخار احمد سہو نے کہا کہ تمام مذاہب کے علمائے کرام نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے ضوابط پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے، ملکی صورت حال کے پیش نظر ہر عزادار اور جلوس منتظمین کو چوکس رہنا ہوگا۔
امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے امن و امان کو مثالی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کریں گے، کمشنر کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 911 جلوس اور 3210 مجالس منعقد ہوں گی۔