رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں فلسطین کے سابق وزير اعظم اور فلسطینی تنظیم حماس کی خارجہ پالیسی کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے شہید قاسم سلیمانی کے تشییع جنازہ کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو شہید قاسم سلیمانی پر امریکہ کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرنی چاہیے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہم رہبر معظم انقلاب اسلامی ، ایرانی حکومت اور ایرانی عوام کو شہید قاسم سلیمانی کی دردناک شہادت پر تعزیت اور تسلیت پیش کرنے کے لئے حاضر ہوئے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس سے تہران آیا ہوں ، میں ایران کی غیور اور بہادر عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے ہمیشہ فلسطینیوں کا ساتھ دیا، شہید قاسم سلیمانی بیت المقدس کی ازادی کی علامت ہیں اور ہم ان کے نقش قدم اور ان کے مشن پر گامزن رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں شہید قاسم سلیمانی کے اہلخانہ اور فرزندوں کو تعزیت پیش کرنے کے لئے آیا ہوں ۔ شہید قاسم سلیمانی کا ہم سب پر احسان ہے۔
فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اپنی پوری زندگی فلسطینیوں کی حمایت اور بیت المقدس کی ازادی کے سلسلے میں صرف کی۔ ہم انھیں سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت پر اسلامی مزاحمت کی کامیابی اور فتح یقینی ہے اور ہم اسرائیل کو نابود کرکے شہید قاسم سلیمانی کی روح کو شاد کریں گے۔/۹۸۸/ن