رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے قدس فورس کے سربراہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور حشدالشعبی کے کمانڈر ابومہدی المہندس کی امریکی حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت ہے کہ عالم اسلام متحد ہو کر امریکی استعمار کا مقابلہ کرے، عوام میں تشویش پائی جاتی ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ ایران کے بہادر اور ممتاز کمانڈر پر ہونیوالے امریکی حملے کی واضح مذمت کیوں نہیں کی اور ہماری خاموشی کس کے خوف کے باعث ہے؟ حکومت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے کہ وہ امریکہ کیساتھ ہے یا اسلامی ممالک کی حمایتی؟
تعزیتی بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک پاکستان کی طرف سے اس واقعہ کی واضح مذمت نہیں کی گئی بلکہ ایک غیر جانبدارانہ بیان دے دیا گیا ہے جو برطانیہ جیسے غیر اسلامی ممالک بھی دے رہے ہیں لیکن ایک ہمسایہ برادر اسلامی ملک کا ساتھ دینے کی ہمیں توفیق اور ہمت نہیں ہو رہی، ہمیں یہ بھی افسوس ہے کہ پاکستان سے کوئی اہم سیاسی شخصیت جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوئی۔
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حکومت اپنی خارجہ پالیسی سے پیچھے ہٹ رہی ہے، مسلم ممالک کی حمایت، جارحیت کی مذمت، مظلوم کا ساتھ اور اسلامی بلاک پاکستان کی وزارت کی خارجہ پالیسی کے اہم ستون ہیں مگر افسوس کہ پاکستان ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے امریکہ سے ڈر رہا ہے۔
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ہمیں ایران کا ساتھ دینا چاہئے کیونکہ برادر اسلامی ملک نے پاکستان کے مفادات کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور حکومت کو واضح جواب دینا چاہیے کہ ہم امریکی غلامی میں اپنے دوستوں کو کیوں کھوتے جا رہے ہیں۔/۹۸۸/۔