رسا نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے صوبہ سندھ اور صوبہ خیبرپختونخواہ کی نئی صوبائی حکومتوں کے قیام پر اپنے تہنیتی پیغام میں نئی حکومت سے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی امید ظاھر کرتے ہوئے کہا: پرامن طورپر انتقال اقتدار سے جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہونگی ۔
حجت الاسلام عارف واحدی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ملک اس وقت دہشت گردی، بے روزگاری اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ سمیت متعدد مسائل کا شکار ہے کہا: عوام نے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کو حکومتی ایوانوں تک پہنچایا۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اب نو منتخب حکومت کی اولین ترجیح ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے کہا: امید ہے آنے والی حکومت دہشت گردی، توانائی کے بحرانوں کو قابو کرنے سمیت دیگر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ پرامن طور پر انتقال اقتدار کی منتقلی سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور جمہوری استحکام و تسلسل کے باعث ملک معاشی و معاشرتی طور پر مضبوط ہوگا، اس امید کا اظہار کیا : مرکز اور صوبوں میں ماضی میں رہنے والے رابطوں کے فقدان کا بھی قلع قمع کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
انہوں ںے مزید کہا: امید ہے کراچی سے خیبر اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک امن کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ملک کو بدترین توانائی بحران سے نکالنے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔