26 December 2017 - 19:33
News ID: 432416
فونت
ڈاکٹر علی لاریجانی :
ایران کے اسپیکر نے کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات کی راہ میں بعض رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے بھی پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر علی لاریجانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے اسپیکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں منعقدہ 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس میں علاقائی ممالک نے انسداد دہشتگردی کے مقصد سے آپس میں سیکورٹی اور انٹیلی جنس تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کانفرنس میں شریک علاقائی ہم منصوبوں کے ساتھ مختلف موضوعات بالخصوص سیکورٹی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر گفتگو ہوئی۔

لاریجانی نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں خطی تنازعات میں اضافہ ہوا ہے لہذا ان مسائل کی جڑ جیسے دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے پاکستان میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان، روس، چین، ترکی اور افغانستان کے اسپیکرز بھی شریک تھے جنہوں سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

علی لاریجانی نے مزید کہا کہ انہوں نے اس اجلاس میں غربت کے خاتمے اور بڑے منصوبوں کی پیشرفت کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط ارادے کے ساتھ ہم خطے میں امن و سلامتی کے قیام میں کامیاب ہوں گے اور اس مقصد کے لئے اسپیکرز کانفرنس کا اگلا اجلاس تہران میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکرز کانفرنس میں تنازعات کے شکار ممالک نے بھی اپنے نقطہ نظر پیش کیا اور اس کے ساتھ ہم نے 5 ممالک کے اسپیکروں کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی توسیع پر مذاکرات کئے۔

ایرانی اسپیکر نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ریلوے لائن اور توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس مقصد کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر بھی فیصلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات کی راہ میں بعض رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے بھی پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کی گئی۔

لاریجانی نے کہا کہ ایران کے پاکستان، روس، ترکی اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں تاہم علاقائی تنازعات کے خاتمے کے لئے خطی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ ناگزیر ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬