رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایوان صدر میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران عوامی تحریک انصار اللہ سے وابستہ انقلابی کمیٹیوں کے سربراہ نے ملک کا انتظام باضابطہ طور پر اعلی سیاسی کونسل کے سپرد کردیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اس تقریب میں یمن کی پارلیمنٹ اور مشاورتی کونسل ارکان نیز عدلیہ کے عہدیداروں کے علاوہ اعلی فوجی حکام بھی شریک تھے۔
یمن کی انقلابی کمیٹیوں کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اعلی سیاسی کونسل کے کام کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلی سیاسی کونسل جلد پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلے گی۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح صماد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک کا انتظام چلانے پر انقلابی کمیٹیوں کے سربراہ اور ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا : انقلابی کمیٹیوں کے ارکان نے سعودی جارحیت کے مقابلے میں بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔
قابل ذکر ہے : عوامی تحریک انصار اللہ اور ملک کی سابق حکمراں جماعت نیشنل کانگریس نے ملک کو بحران سے نکالنے اور سعودی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی غرض سے رواں ماہ کے آغاز میں دس رکنی اعلی سیاسی کونسل کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔