رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمن پر سعودی عرب کے ہولناک اور بھیانک جرائم پر عالمی اداروں اور تنظیموں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: یمن میں سعودی عرب کی جارحیت اور جرائم کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کی خاموشی سے سعودی مزید سنگین جرائم کر رہا ہے ۔
بہرام قاسمی نے مغربی یمن میں حاجہ صوبے میں ایک ہسپتال پر سعودی لڑاکا طیاروں کے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا : یہ انسانیت کے خلاف ناقابل برداشت جرائم ہیں۔
انہوں نے کہا : یمن پر سعودی عرب کی جارحیت اور انتہاپسند اقدامات پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی کے نتیجے میں سعودی حکومت مزید غیر انسانی جرائم کر رہی ہے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : سعودی عرب یمن کے نہتے شہریوں، بچوں، عورتوں اور بوڑهوں کیساته غیرانسانی سلوک کر رہا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے قوانین اور قواعد سے متعلق سعودی حکومت کو آگاہ کریں اور یمن کے مظلوم اور نہتے لوگوں کیلئے حفاظتی اقدامات کریں۔
ایرانی ترجمان نے یمن میں سیاسی کونسل کی دوبارہ بحالی اور یمنی پارلیمنٹ کی دوبارہ فعالیت کے اقدام کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے کہا : یمنی عوام کے نمائندوں کے اس اقدام سے سعودی عرب کو شدید غصہ ہے جس کے بعد وہ اسپتالوں اور سول آبادی پر وحشیانہ بمباری کرکے جرم و جنایت کا ارتکاب کررہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے عبس میں واقع ایک اسپتال پر بمباری کرکے 25 افراد کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔