رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا : صوبہ ہمدان میں واقع نوژہ ائیربیس سے روسی طیاروں کی پروازیں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے فیصلے اور چارٹر کے مطابق ہیں۔
ایران کے سنئیر رکن مجلس علاءالدین بروجردی نے ایک گفتگو میں کہا : ہمدان ایئربیس کا استعمال ایران اور روس کے درمیان فوجی تعاون کا ایک حصہ ہے۔
انہوں نے کہا : روسی طیاروں کی ایرانی ایئربیس سے پروازیں ایران، روس، شام اور عراق کے چارفریقی تعاون کے فریم ورک کے مطابق ہیں۔
بروجردی نے ناجائز صیہونی ریاست سے وابستہ بعض میڈیا کی جانب سے کئے جانے والے دعوے کہ روس نے ایران کی ہمدان ائیربیس میں ایس۔400 میزائل نظام نصب کیا ہے کو سختی سے مسترد کردیا۔
انہوں نے مزید کہا : ایران، روس، شام اور عراق کے درمیان دوطرفہ اور چارفریقی تعاون کے پس منظر میں روسی طیارے صرف ایندهن کے حصول کے لئے ہمدان ائیربیس کا استعمال کریں گے۔