رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جہوریہ ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کے شہروں مردان اور پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ، پاکستانی عوام اورحکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا : انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا : علاقے اور دنیا میں تکفیری نظریات ، دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا مقابلہ اور دہشت گردی کی جڑوں کا پتہ لگا کر ان کو اکھاڑپھینکے بغیر اس سنگین مسئلے کو حل نہیں کیا جاسکے گا۔
جمعہ کو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں مردان اور پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں کم سے کم پندرہ افراد جاں بحق اور تیس دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
پشاور میں کرسچین کالونی پر حملہ کرنے والے چار دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ ان حملوں کی ذمہ داری جماعت الاحرار نامی ایک دہشت گردگروہ نے قبول کی تھی۔