رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، اسلامی جمھوریہ ایران کے صدر مملکت حسن روحانی نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا : امام حسین علیہ السلام اور واقعہ کربلا کا تعلق دنیا کے تمام انسانوں ہے۔
حسن روحانی نے کہا : امام حسین علیہ السلام صرف شیعہ مسلمانوں کے نہیں ہیں بلکہ دنیا کے تمام حریت پسندوں کے دلوں میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا : امام عالیمقام نے کسی خاص گروہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کی بلکہ آپ آفاقی قدروں کی بالادستی چاہتے تھے یہی وجہ ہے کہ آپ کی یاد لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ باقی رہے گی۔
صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ امام حسین علیہ السلام راہ آزادی کے شہید ہیں اور آپ نے انسانیت کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کر دی، آپ معاشرے کی اصلاح، عدل و انصاف اور راہ حق کے شہید ہیں۔
صدر مملکت نے برصغیر میں یوم عاشورا پر عام تعطیل اور آزادی ہند کے رہنما مہاتما گاندھی کی امام حسین علیہ السلام سے عقیدت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اربوں انسان امام حسین علیہ السلام کا احترام کرتے ہیں کیونکہ آپ نے اخلاق و جہاد اور امن کا راستہ دکھایا ہے۔/۹۸۸/ن۹۳۰/ک۲۱۸