رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان سے شائع ہونے والے روزنامہ الاخبار کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے مشرقی اور شمالی مشرقی پہاڑوں میں دہشت گرد گروہوں کے داخلی اختلافات میں شدت پیدا ہونے کے بعد تکفیری دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے عناصر نے دوسرے دہشت گرد گروہ داعش کے سرغنے ابوبکر الرقاوی کو ہلاک کر دیا ہے۔
الرقاوی کی لاش عرسال کے علاقے سے گزشتہ ہفتے کے دن ملی ۔ ان کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذریعے کا کہنا ہے کہ ابوبکر الرقاوی کو جبھۃ النصرہ کے عناصر نے اس دہشت گرد گروہ کے سرغنے ابومالک التلی کے کہنے پر شام کے علاقے قلمون میں ہلاک کیا ہے۔
دہشت گرد گروہوں کے درمیان وسیع جھڑپوں کی خبریں ایسی حالت میں سامنے آ رہی ہیں کہ جب تکفیری دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ لبنان کے شمال مشرق میں واقع داعش کے زیر قبضہ پہاڑوں منجملہ لبنان کے القاع اور راس بعلبک شہروں کے قریب واقع پہاڑوں پر خود قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
اس سے قبل بھی عرسال کے علاقے جرود کے شمال میں دہشت گرد گروہوں داعش اور جبھۃ النصرہ کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ میں دونوں دہشت گرد گروہوں کے متعدد عناصر ہلاک ہوئے تھے۔/۹۸۸/ن۹۳۰/ک۲۵۴