03 November 2016 - 23:02
News ID: 424242
فونت
جنرل حسین سلامی :
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے بیان کیا : ایرانی حکومت نے قوم کے ساتھ عہد کیا ہے کہ اگر فریق مقابل نے مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک میں پرامن ایٹمی پیشرفت کا سلسلہ دوبارہ فعال ہوجائے گا۔
جنرل حسین سلامی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے عالمی استکبار سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے ایک عظيم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا :  اگر امریکہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں  اپنے وعدوں پرعمل نہ کیا تو  مشترکہ ایٹمی معاہدہ کو میوزیم  میں بھیج دیں گے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : امریکہ کے جاسوسی کے اڈے پر قبضے سے نہ صرف ایران میں امریکی پالیسیوں کا خاتمہ ہو گیا بلکہ اکیلے سپر پاور کا دعوی کرنے والے امریکہ  جیسی طاقت کی جھوٹی ہیبت کا بت بھی پاش پاش ہو گیا۔

جنرل سلامی نے تہران میں  امریکی جاسوسی مرکز (سفارتخانہ) پر قبضہ اور  سامراجی طاقتوں کے ساتھ مقابلے کے دن کی مناسبت سے ایک عظيم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا :  مشترکہ ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور امریکہ کو اس معاہدے پر بغیر کسی تعلل کے عمل کرنا چاہیے یہ ایرانی سرزمین ہے اور اس سرزمین کے فرزندوں نے اسلام اور  انقلاب کے سائے میں زندگی بسر کرنے اور کسی کو باج ادا نہ کرنے کا عزم کررکھا ہے ۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا : ایرانی قوم باشعور قوم ہے جو اپنے وعدوں کے مطابق عمل کو اپنی اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری سمجھتی ہے لیکن وعدوں پر عمل کرنا صرف ایک طرفہ عمل نہیں ہے اور ایرانی قوم کے صبر کا پیمانہ بھی نامحدود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا : امریکہ ایک ایسے وقت جمہوریت کے دفاع کا دعوی کر رہا ہے جب دنیا کے سبھی ڈکٹیٹروں کو امریکہ کا آشیرباد حاصل تھا اور آج بھی ہے۔ مصر کا معزول صدر حسنی مبارک، شاہ ایران اور آل سعود اور آل خلیفہ، اس کی واضح مثال ہیں۔

جنرل سلامی نے بیان کیا : امریکی حکام کو مکر و فریب کی عینک اتار کر حقائق پر نظر رکھنی چاہیے۔ ایرانی قوم کے قول اور عمل میں یکسانیت ہے۔ ایرانی قوم نے گذشتہ 38 سال میں امریکہ کی شوم سازشوں کو ناکام بنا تے ہوئے ثابت کردیا ہے ایرانی قوم امریکہ کے مقابلے میں اپنی استقامت کو جاری رکھےگی اور ہم امریکہ سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں ۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج انسانوں کو ایذائیں دینے والے سارے آلات اور مشینیں امریکہ میں تیار اور انہیں دنیا کے دیگر ملکوں میں برآمد کیا جاتا ہے تاکید کی : امریکہ، انسانی حقوق کا دم بھرتا ہے لیکن ہر سال پوری دنیا میں دسیوں ہزار حریت پسند افراد کو امریکہ کے بنائے ہوئے آلات اور مشینوں سے ایذائیں دی جاتی ہیں۔

جنرل سلامی نے کہا کہ امریکہ علاقہ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر بھیانک جرائم کا ارتکاب کررہا ہے لیکن امریکہ  اور اس کے اتحادی عرب ممالک کو دنیا اور آخرت میں ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملےگا۔

انہوں نے اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ آج دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکہ کی فوجی مداخلت کے نتیجے میں دسیوں لاکھ افراد مارے گئے ہیں، کہا : تکفیری دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کو جنھوں نے عالم اسلام میں فتنے کی آگ بھڑکا رکھی ہے امریکہ نے ہی بنایا ہے اور امریکہ ہی ان کی سیاسی پیدائش کا مرکز ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : ایٹمی معاہدہ یا مشترکہ جامع ایکشن پلان بین الاقوامی معاہدوں میں امریکہ کی حقیقت کو پرکھنے کا ایک معیار ہے اور ہم امریکی حکام کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں پر پوری طرح سے عمل کریں کیونکہ ایران کے عوام کسی بھی طاقت کو غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا : ایرانی عوام کے صبر کی بھی ایک حد ہے اور اگر امریکیوں نے ایٹمی معاہدے پر عمل نہیں کیا تو ہم ایٹمی معاہدے کو لپیٹ کر رکھ دیں گے اور جتنی بھی سینٹری فیوج مشینیں اس وقت بند ہیں انہیں دوبارہ چلا دیں گے اور پھر ہم معاہدے سے پہلی والی ہی پوزیشن پر نہیں رکیں گے بلکہ پرامن ایٹمی پروگرام کو تیزی کے ساتھ آگے لے جائیں گے۔

جنرل سلامی نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : نومبر انیس سو اناسی میں تہران میں امریکہ کے سابق جاسوسی کے اڈے پر قبضہ ایران میں امریکی پالیسیوں کے خاتمے کا دن تھا۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۷۸۸/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬