رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقے اولڈ رضویہ سوسائٹی میں رینجرز سرچ آپریشن کے دوران مسجد و امام بارگاہ شاہ کربلا میں تلاشی کے دوران اہلکاروں کی جانب سے قرآن پاک، مقدس کتابوں، علم پاک،ضریح امام حسینؑ، امام بارگاہ کی بے حرمتی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے کراچی میں ناظم آباد کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں آج صبح سرچ آپریشن کیا، اس دوران علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔
رینجرز اہلکاروں نے ضریح امام حسینؑ کا تالا توڑ کر جوتوں سمیت اس کے اندر داخل ہوگئے، تلاشی کے نام پر وہاں موجود علم مبارک، تبرکات و مقدس چیزوں کی بے حرمتی کی گئی، نذر و نیاز کیلئے چندہ کے بکس کو بھی اٹھا کر لے گئے، اس کے ساتھ ساتھ امام بارگاہ کے اندر موجود درجنوں دفاتر کی بھی جامع تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی گئی، سارا سامان بکھیر دیا گیا، اور وہاں موجود کمپیوٹرز سمیت کئی قیمتی سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
سرچ آپریشن کے دوران درجنوں بے گناہ شیعہ افراد کو بھی حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ رینجرز کی جانب سے قرآن پاک، مقدس کتابوں، علم پاک، ضریح امام حسینؑ، امام بارگاہ کی بے حرمتی کیخلاف مقامی شیعہ مرد و خواتین کا احتجاج جاری ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/