رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نجف نے کربلا پیادہ روی میں شرکت کے موقع پر اس پیادہ روی کو امن و آشتی اور حریت پسندی کا مظہر قرار دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے نجف سے کربلا کے راستے میں واقع علی بن موسی الرضا علیہ السلام موکب میں با جماعت نماز ادا کی۔
انہوں نے اس مناسبت سے اپنی ایک گفت و گو میں تاکید کرتے ہوئے کہا : اربعین پیادہ روی کی انتظامی کمزوریوں کو دور کر کے اسے ایک پائیدار تحریک میں تبدیل کرنا چاہئے۔
اسحاق جہانگیری نے اربعین امام حسین علیہ السلام کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا : آغاز اسلام سے آج تک سید الشہدا کے خون نے ہر دل میں ایک جوش و ولولہ پیدا کر دیا ہے اور رستگاری کی راہ بھی ہموار کردی ہے۔
انہوں نے کہا : اربعین ایک ایسا انوکھا واقعہ ہے کہ جس کی بنیاد پر دسیوں لاکھ عقیدتمند انسان، انصاف اور امن پسندی کے پیغام کو لیکر امام حسین علیہ السلام کے حرم کی راہ پر گامزن ہوجاتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا : عراق دہشت گردوں کے ساتھ برسر پیکار ہے جس نے اربعین پیادہ روی کے انتظام کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔
انہوں نے موصل آپریشن کے بارے میں عراقی وزیر اعظم سے گفت و گو اور ان کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف اقدام میں اظہار یکجہتی کی ہے۔
اسحاق جہانگیری نے کہا : اس وقت موصل کے پندرہ لاکھ شہری متحد ہو کر دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اربعین حسینی کی مناسبت سے اس وقت کربلا معلی میں دو کروڑ لوگ جمع ہو چکے ہیں اور مزید اور بھی زائروں کے اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔/۹۸۹/۹۳۰/ک۳۴۲/