رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کا غاصبانہ قبضہ مسترد کردیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سازش پہلے کی طرح ناکام رہے گی، تعلیمات نبویﷺ کو ترک کرنے کی وجہ سے مسلم ممالک میں دشمن قوتوں کو کھیل کھیلنے کا موقع ملا ہے، مسلمانوں پر مظالم کا حل آج بھی وہی ہے جو رسول اللہﷺ نے چودہ سو سال قبل مشرکین مکہ کی شرانگیزیوں کے خلاف اختیار کیا تھا، سیرت نبویﷺ کو مشعل راہ بناتے ہوئے معاشرے کی اصلاح اور تربیت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے، احکاماتِ الٰہیہ پر عمل کیے بغیر گمراہیوں کے یہ سلسلے ختم نہیں ہوں گے، عوام اور حکمران اگر رسول اللہﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو دہشت گردی اور ظلم و تشدد کا خاتمہ ہو سکتا ہے، موجودہ دور میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے تعلیمات نبوی سے رہنمائی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی شاندار فتوحات جہاد فی سبیل اللہ کے ذریعے سے ہی مسلمانوں نے حاصل کی ہیں، اسلام مخالف قوتیں مسلمانوں کے جذبہ جہاد سے پریشان ہیں، جہاد کے مفہوم کو غلط انداز سے پیش کرکے مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مسلمان پہلے بھی دنیا میں امن چاہتے تھے، اب بھی ان کی جدوجہد کا مقصد دنیا سے ظلم کا خاتمہ کرکے امن و انصاف کی فضا قائم کرنا ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰