29 January 2017 - 09:29
‫نیوز‬ ‫کوڈ‬: 425980
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس:
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : مودی بنگلہ دیش میں کھڑے ہوکر تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان توڑنے میں اس کا کردار تھا لیکن نوازشریف اسے گلے لگاتا ہے۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس نے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹریٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے، جمہوری اقدار کو فراموش کر دیا گیاہے، فوجی عدالتیں سپیڈی ٹرائل کیلئے بنائی گئیں لیکن وہ نتائج نہیں دے سکیں۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو کارروائی نہیں ہونے دیتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایساملک بن چکا ہے جس کی دیواریں نہیں، جوچاہتا ہے گھس آتا ہے اور دوسرے ممالک کیلئے یہاں احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شعبہ میں کرپشن ہے، یہاں تک کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ کو ایک آمر کیلئے دھاندلی کرکے ہروا دیا گیا، پاکستان کی کمزوری کی وجہ جمہوریت کا خون ہے، یہاں قدم قدم پر جمہوریت کا گلہ گھونٹا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی شفاف الیکشن نہیں ہوتے، حکمرانوں کا کرپشن زدہ ہونا تشویشناک ہے، جن کے بینک بیلنس باہر ہوں وہ ملک کیساتھ کیسے مخلص ہو سکتے ہیں، تشویشناک بات یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں کی تعیناتی کے فیصلے بھی ملک سے باہر ہوتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین یہ کہتا ہے کہ ملک میں حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور عوام کے منتخب نمائندے اسے بطور امانت استعمال کریں گے، لیکن یہاں حکمران آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے اپنی اولادیں تیار کی ہوئی ہیں کہ وہ ان کے بعد اقتدار سنبھالیں گی۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمران عوام کو دھوکادے کر اقتدار میں آتے ہیں، پارلیمنٹ میں جھوٹاخطاب کرتے ہیں، یہ اخلاقی طور پر کمزور لوگ ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب بلاگرز کو رہاکردیا گیا ہے، وہ مجرم تھے توانہیں عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا، جب ادارے قانون شکن بن جائیں تو پھر ظالم مظلوم بن جایا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے کارکن ایک طویل عرصے سے لاپتہ ہیں، لیکن کوئی ان کے بارے میں نہیں بتا رہا، یہ کس قسم کا قانون ہے، ڈی آئی خان سے ایک نوجوان کو غائب کیا گیا، پانچ برس گزر گئے ہیں ناصر حسین کا کوئی علم نہیں کہ زندہ ہے یا مار دیا گیا ہے۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس نے کہا کہ انسان کی طرح وطن کی بھی ناموس ہوتی ہے، ملک کے دشمن ، عوام کے بھی دشمن ہوتے ہیں لیکن یہاں ملک کے دشمنوں کو گھربلایا جاتا ہے، مودی بنگلہ دیش میں کھڑے ہوکر تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان توڑنے میں اس کا کردار تھا لیکن نوازشریف اسے گلے لگاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، لیکن یہ پارا چنار میں پھر دھماکہ ہو گیا، معصوم بچے بھی نشانہ بنے قبائلی علاقوں میں واحد کرم ایجنسی ہے جس کے لوگ سب سے زیادہ محب وطن ہیں، انہوں نے پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے ہیں، لیکن ان کا جیناحرام کر رکھا ہے، پولیٹکل انتظامیہ بھی انہیں ریاستی تشدد کا نشانہ بنارہی ہے اور دہشت گردبھی انہی پر حملے کررہے ہیں۔ راستے میں درجنوں چیک پوسٹیں ہیں پھر بھی دہشت گردوہاں پہنچ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ناکام ہو چکا ہے، ملک میں دہشتگردوں کیلئے کوئی روک ٹوک نہیں، وہ سرعام دندناتے پھر رہے ہیں، ان کے سلیپنگ سیلزہیں ، ان کے سہولت کار حکومتی صفوں میں ہیں اسی لئے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کے سپیڈی ٹرائل کیلئے بنائی گئی تھیں لیکن افسوس، ا ن عدالتوں نے بھی خاطرخواہ نتائج نہیں دیئے۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ حجت الاسلام مبارک موسوی، لاہور کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام حسن رضا ہمدانی، حجت الاسلام مختار امامی، حجت الاسلام محمد اقبال کامرانی، حجت الاسلام نیاز بخاری، رانا ماجد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
نام:
ایمیل:
* ‫نظریہ‬:
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬