16 February 2017 - 19:27
News ID: 426357
فونت
بہرام قاسمی :
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا : صہیونیوں کا دامن بے شمار غیرانسانی جرائم کی کاروائیوں بالخصوص مظلوم فلسطینی قوم پر مظالم ڈھائے جانے سے سیاہ ہے جس کا ذکر عالمی اداروں نے بھی متعدد بار کیا ہے۔
بہرام قاسمی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ اور صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کے بے بنیاد دعوؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : اسرائیل کے پاس سیکڑوں ایٹمی وارہیڈز موجود ہیں جو مشرق وسطی اور پوری دنیا کی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا : بے بنیاد دعوؤں اور بیانات کی تکرار ایک ایسی حکومت کی طرف سے کی جا رہی ہے جو کسی بھی بین الاقوامی قانون کی پابندی نہیں کرتی اور جو مظلوم فلسطینی عوام اور اپنے ہمسایہ ملکوں کے خلاف غیرانسانی اقدامات اور جرائم کا ارتکاب کرکے بے شمار سیاہ کارناموں کی حامل ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ایران مخالف ہرزہ سرائیوں میں کوئی نئی بات نہیں اور یہ لوگ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے خلاف من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں۔

بہرام قاسمی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ایران مخالف الزامات ایسے وقت میں لگائے گئے ہیں جب بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے نے بارہا ایرانی جوہری پروگرام کو پر امن ہونے کی تصدیق کی ہے اور اس حقیقت کو دنیا کے مختلف ممالک نے بھی تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا :  بدقسمتی سے ایسے الزامات ایک ایسی قابض اور جابر ناجائز حکومت کی طرف سے لگائے جارہے ہیں جس نے خود بڑے پیمانے پہ جوہری ہتھیاروں کو بنا کر خطے اور دنیا کی امن و سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہوا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا : صیہونی حکومت کے سیاہ کارناموں کی بارہا اقوام متحدہ کی رپورٹوں میں بھی صراحت کے ساتھ نشاندہی کی گئی ہے۔

انہوں نے بیان کیا : صہیونیوں کا دامن بے شمار غیرانسانی جرائم کی کاروائیوں بالخصوص مظلوم فلسطینی قوم پر مظالم ڈھائے جانے سے سیاہ ہے جس کا ذکر عالمی اداروں نے بھی متعدد بار کیا ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : جب قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے جوہری ہتھیاروں کو بنانے اور اس کے استعمال کو حرام قرار دیا ہے تو اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے اور ہماری دفاعی حکمت عملی میں جوہری اور مہلک ہتھیاروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

بہرام قاسمی نے بیان کیا : بلاشبہ ایران ایٹمی سمجھوتے کے مطابق کہ جس کی تائید سلامتی کونسل نے بھی کی ہے، اپنے ایٹمی پروگرام کو پوری سنجیدگی اور قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۴۹۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬