
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے آئی ٹی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر جی بی اسمبلی محمد علی شیخ کی وفات پر مرحوم کے لواحقین اور پسماندگان کے نام تعزیتی پیغام جاری کر دیا۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ محمد علی شیخ مرحوم ایک سنجیدہ، فعال کارکن اور عوام دوست شخصیت تھے، جنہوں نے خطے کی ترقی اور امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک دیندار شخصیت، متواضع، ملنسار، اپنی جماعت سے انتہائی مخلص اور دینی اور ملی امور میں پیش پیش رہتے تھے۔ جرات و بہادری سے اپنا قومی موقف بیان کرنا اور اس پر بلاخوف و خطر ڈٹ جانا مرحوم کی خصوصیت تھی۔
انہوں نے بیان کیا : ان کی ملّی خدمات قابل تحسین ہیں۔ محمد علی شیخ مرحوم نے اپنے والد مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قوم و ملت کیلئے بے تکان خدمات سرانجام دیں۔ ان کی خدمات کو کبھی فرمواش نہیں کیا جاسکتا اور انہی خدمات کی بدولت قوم و ملت کو حاصل ہونے والی عزت و وقار قوم کیلئے سرمایہ افتخار ثابت ہوگا۔ ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/