
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان نے ایران کے شمالی صوبے میں 542 شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن عوام اور حکام کے درمیان اختلافات اور فاصلے بڑھانے کی مختلف سازشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سرحدوں کو غیرمحفوظ بنانے کے لئے دشمن اپنی طاقت اور وسائل کا استعمال کر رہا ہے۔
ایرانی کمانڈر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدیں بالکل محفوظ ہیں اور کوئی بھی ملک اگر ایران کے خلاف کوئی سازش کرے گا تو اس کو سخت دفاعی طاقت کا سامنا کرنا ہو گا۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ایران میں سیاسی، اقتصادی سرگرمیوں میں خلل پیدا کرنے اور دہشت گردی کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایران کی فوج، پولیس اور سیکورٹی فورسز ہر وقت کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عوام کے درمیان شیعہ، سنی اختلاف کو بڑھکانے کی سازش سے اپنے اہداف میں کامیاب ہونے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایرانی قوم نے باہمی اتحاد سے ان کو اس منصوبے میں بھی ناکام کیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/