رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعةالدعوة ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد نے کہا کہ جماعة الدعوة 13 مارچ سے 23 مارچ تک ملک گیر سطح پر عشرہ تحفظ نظریہ پاکستان مہم چلائی جائے گی۔
اس سلسلہ میں ملتان کے مختلف علاقوں میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 17 مارچ کو علماء کرام خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے، جبکہ 23 مارچ کو شہر ملتان میں بڑا پروگرام ہوگا۔ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت کو شریک کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ابن باز رشید آبادمیں اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ'' نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے'' کے عنوان کے تحت پورے شہر ملتان میں بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے گی۔ اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز لگائے جائیں گے جبکہ کیمپ لگا کر نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں خصوصی طور پر تیار کی گئی ڈاکومینٹری دکھائی جائے گی۔
جس میں قیام پاکستان کے مقاصد اور دوقومی نظریہ کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ میاں سہیل احمد نے کہا کہ شہر بھر میں ہونے والے پروگراموں میں طلبا، وکلاء، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کو شریک کیا جائے گا۔
اسی طرح تمام سیاسی، مذہبی، سماجی و کشمیری تنظیموں کی نظریہ پاکستان کانفرنسوں، مارچ اور ریلیوں میں شرکت یقینی بنائی جائے گی۔
پاکستان کا مطلب کیا' لاالہ الااللہ کا نعرہ نوجوان نسل کے ذہنوں سے نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہیں۔
منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت یہاں بم دھماکے اور قتل و غارت گری کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ بیرونی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ معاشی مسائل کی اہمیت اپنی جگہ لیکن ہمیں ان سازشوں سے بھی کسی صورت بے خبر نہیں رہنا چاہیے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰