
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس (پارلیمنٹ) کے اسپیکر علی لاریجانی نے پارلمینٹ کے نشست سے خطاب میں شام پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے سے خطے میں جنگ کی آگ مزید بھڑک اٹھے گی۔
انہوں نے شامی عوام پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرنے والوں کی شناخت کے لئے غیر جانب دار فیکٹ فائنڈنگ گروپ کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا علم ہونا چاہیئے کہ کیمیائی ہتھیار کس طرح باہر سے شام پہنچے اور کون ان کا استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے شام پر امریکی جارحیت کو ایک گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی شام کے بحران میں مداخلت کی وجہ سے مشرقی وسطی میں حالات مزید پیچیدہ ہوں گے جس کے نتیجے میں خود امریکہ بھی اس دلدل میں پھنس جائے گا۔
ایران پر مسلط کی گئی آٹھ سالہ جنگ کے دوران سابق عراقی عامر حکومت کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خود کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کا شکار ہو چکا ہے اس لئے ہم شام سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں کیمیائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/