رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنئیر ایرانی سیاستدان اور رکن پارلیمنٹ علاء الدین بروجردی نے گزشتہ روز تہران میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا: میں نے امریکہ کو تجویز دی ہے کہ وہ خطے میں بمب اور میزائل بھیجنے کے بجائے امن و دوستی کا پیغام دے اور علاقائی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر پاک، ایران مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم نہ ٹوٹنے والے بندھن سے جوڑے ہوئے ہیں۔
بروجردی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے دونوں ممالک کے رہنما بھی وقتا فوقتا ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ بھی کرتے ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ خطے میں بالخصوص عراق، یمن اور افغانستان میں امن و استحکام جلد قائم ہو۔/۹۸۹/ف۹۴۰/