رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ ہم نے قوم کو یہ نہیں کہا تھا کہ راتوں رات بجلی آ جائے گی، ہماری کوششوں سے آج ملک میں کہیں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی جبکہ صنعتیں لوڈشیڈنگ سے مستثنی ہیں، رواں برس کے آخر تک ملک میں بجلی کی پیداوار 21 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی لیکن بجلی وہاں ملے گی جہاں لوگ بل دیتے ہیں چوری کرنے والوں کی بجلی کاٹ دیں گے۔ رواں برس رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے وقت میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
گزشتہ برس ان ہی ایام میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک تھا لیکن رواں برس کئی علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی طلب بڑھی چند دن زیادہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہوا اور اس کی وضاحت ہم نے کی تھی۔
عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں حسن، حسین اور مریم نواز کلئیر ہو چکے ہیں، مریم نواز کو پانچ رکنی بنج نے کلئیر قرار دیا ہے، ہم نے عدالت عظمی کے فیصلوں کا احترام کیا ہے لیکن الزام لگانے والے ثبوت نہیں دے سکے، مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے لوگ خوفزدہ ہیں، اس سلسلے میں بیان دینے پر اعتزاز احسن پر توہین عدالت بنتا ہے کہ انہوں نے معزز ججز کے خلاف بات کی۔
وزیرمملکت نے کہا کہ ایل پی جی کے ٹھیکے لینے پر اعتزاز احسن کا احتساب شروع ہونا چاہئے، سابق چیف جسٹس نے ان کی اہلیہ کے ٹھیکے مسترد کیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے والد کو سزا کے طور پر سرکاری ملازمت سے معطل کیا گیا، خود عمران خان کی زندگی جھوٹ پر مبنی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰