رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق داعش کے اس ویڈیو میں دہشت گردوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اگر عراق و شام میں آکر اس گروہ میں شامل نہیں ہوسکتے تو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں کریں۔
اس ویڈیو میں ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی اور بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر داعش کے حملوں کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔
سات جون کو تہران میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اور پارلیمنٹ پر داعش دہشت گرد گروہ سے وابستہ عناصر کے حملوں میں اٹھارہ افراد شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے۔
ان وحشیانہ جرائم کے بعد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا کہ بے گناہوں کے خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اٹھارہ جون کو دہشت گردوں کی تنبیہ کے لئے مشرقی شام کے دیرالزورعلاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے اڈوں، کمانڈ سنٹر اور کار بم تیار کرنے کے کارخانے کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے چھے میزائلوں کا نشانہ بنایا۔
ان میزائلوں نے چھے سو پچاس کیلومیٹر کی دوری طے کرکے عراق کی فضاؤں کو عبور کرتے ہوئے شام میں اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
داعش دہشت گرد گروہ کہ جس نے حالیہ برسوں میں امریکہ اور اس کے مغربی و عربی اتحادیوں خاص طور سے سعودی عرب کی مالی و فوجی مدد سے علاقے کے ممالک خاص طور سے عراق و شام میں بہت سے جرائم کا ارتکاب کیا ہے، حالیہ مہینوں میں ایران کی مدد سے ان دونوں ملکوں میں بھاری شکست کا سامنا کیا ہے اور عملی طور پر عراق و شام میں اس کا خاتمہ ہوچکا ہے۔!!/۹۸۹/ف۹۴۰/