رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کردستان عراق سے علیحدہ ہوگیا تو، تاریخ اس کے ذمہ داروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے مزید کہا کہ عراقی کردستان کے حکام کو عظیم مشرق وسطی کے سازشی منصوبے میں امریکہ اور اسرائیل کا ساتھ دینے کے بجائے اس سازش کو ناکام بنانے کی کوشش کرنا چاہیے۔آیت اللہ امامی کاشانی نے ہفتہ دفاع مقدس کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاع مقدس کی اقدار نے دشمن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ایرانی حکام اگر امریکہ کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں تو یہ ان مجاہدین کے ایثار و قربانی اور شہادت کا نتیجہ ہے جنہوں نے مکتب کر بلا کو اپنا آئیڈیل بنا رکھا ہے۔تہران کے خطیب جمعہ نے سید الشہدا امام حسین علیہ اسلام کے ایام شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکتب کربلا قیمتی انسانی اقدار کا گہوارہ ہے اور مسلم نوجوانوں کو شہدائے کربلا کے ایثار و فداکاری سے درس لیتے ہوئے دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹ جانا چاہیے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰