رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر اور معروف عالم دین حجت الاسلام سید ناظر عباس تقوی نے امام بارگاہ محمدی، محمدی ڈیرہ کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؑ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور اس محبت کے اظہار کیلئے ضروری ہے کہ جو قربانیاں امام حسینؑ نے اپنے پورے دور حیات میں پیش کیں، ویسا ہی ایثار و قربانی کا جذبہ ہمارے کردار میں بھی نظر آنا چاہیئے۔
حجت الاسلام تقوی نے کہا کہ امام حسینؑ نے صبر و تحمل، برداشت دین اور استحکام شریعت کے طریقوں کا پرچار کیا اور انسانیت کا درس دیا، آپ نے حق اور باطل کا فرق پوری دنیا کے سامنے عیاں کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تمام شیعہ اور سنی مل کر جو عزاداری امام حسینؑ منعقد کر رہے ہیں، یہ باطل کی بہت بڑی شکست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں کو بھی چاہیئے کہ وہ امام حسینؑ کی سیرت و کردار کی پیروی کریں اور امام حسینؑ کے نقش قدم پر چلیں، اسی میں ہم سب کی بقاء ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰