رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ امام حسینؑ و شہدائے کربلا نے اسلام کو اصل حیثیت میں برقرار رکھنے اور شریعت محمدی کے تحفظ کی خاطر جان و مال اور عزیز و اقارب کی قربانیاں دیکر عظیم ترین تاریخ رقم کی، حق کی سربلندی کیلئے باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا شہدائے کربلا کا درسِ انقلاب ہے۔ کراچی میں جامع میمن مسجد شہید ملت روڈ پر محرم الحرام کی محفل وعظ سے خطاب میں علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ امام حسینؑ و شہدائے کربلا سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ ان کے نقشِ قدم پر چلا جائے، دین و ملت کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے اسوہ حسینیؑ کی پیروی کرنا ہوگی۔ علامہ شاہ عبدالحق قادری نے مزید کہا کہ امام حسینؑ نے وقت شہادت بھی نماز ادا کی، آج مسلمان کردار حسینی کو مشعل راہ بناتے ہوئے فرائض و واجبات کی وقت پر ادائیگی یقینی بنائیں، شہدائے کربلا جیسا جذبہ بیدار کرکے ہی امت کی نشاة ثانیہ کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰