رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سپہ سالار میجر جنرل محمد حسین باقری نے آج جمعرات کے روز شام کے دارالحکومت دمشق میں شام کےصدربشارالاسد سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق، جنرل باقری نے اس ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف شامی مسلح افواج کی حالیہ فتوحات پر مبارکباد پیش کی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شام میں دہشتگردی کی لعنت ختم ہونے کو ہے۔
میجر جنرل باقری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے شامی قوم اور حکومت کی بھرپورحمایت جاری رہے گی۔
اس موقع پر شامی صدر بشار الاسد نے دہشتگردوں کے خلاف شام کی بھرپور حمایت کرنے پر رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، ایرانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی مسلح افواج کے سربراہ منگل کے روز شام کے دورے پر پہنچے اور انہوں نے شامی ہم منصب اور وزیردفاع کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں کیں۔