رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ ملنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کیلئے سوالیہ نشان ہے، کشمیریوں پر ظلم و جبر اور کھلی دہشتگردی کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتے، کشمیریوں سے ہمارا ایمانی اور روحانی رشتہ ہے، ہمارے دل کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے مظالم کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف خاموش رہنے والوں کو ایک دن جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جابرانہ قبضہ اور کشمیریوں پر جارحیت کھلی دہشتگردی اور بربریت ہے، 70 سال گذر جانے کے باوجود کشمیر کو آزادی نہ ملنا پوری دنیا بالخصوص اقوام متحدہ کے کردار کو مشکوک بناتا ہے ۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت کشمیر کا مسئلہ طاقت سے نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل کرے، طاقت کا مظاہرہ بھارت کو بہت مہنگا پڑے گا، بھارت ہٹ دھرمی کی بجائے کشمیر کے مسئلے پر ڈائیلاگ کا راستہ اپنائے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان مضبوط و مستحکم ریاست ہے، جو ملک دشمن قوتوں کو بھرپور جواب دینا جانتا ہے، بھارت کسی غلطی میں نہ رہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، عالمی برادری کشمیر کے مسئلے کو طول دینے کی بجائے اسے فوری طور پر حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک کی سلامتی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پوری قوم پاک افواج کے پیچھے کھڑی ہے، مودی مذہبی جنونی اور انسانیت دشمن ہے، بھارت میں مسلمانوں کا قتل معمول بن چکا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت میں انتہاپسند ہندؤں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل پر خاموش کیوں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سفارتی سطح پر تیزی لانا ہوگی، مودی سرکار کے جھوٹ کا پلندہ اب بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان کی سیاسی و مذہبی اور عوامی طاقت فوج کے پیچھے ہے، بھارت نے غلطی کی تو عبرت کا نشان بنا دینگے۔