رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آستان قدس رضوی کے نائب متولی سید مرتضی بختیاری نے جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: پاکستانی زائرین امام رضا علیہ السلام کی مقدس اور نورانی بارگاہ کے وفادارترین اور با اخلاص ترین زائرین ہیں اور دہشتگردوں کی طرف سے خطرات کے باوجود عشق و محبت سے ان مقدس مقامات پر تشریف لاتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا: حرم مطہر امام رضا (ع) میں ہمارے عزیز پاکستانی زائرین کے لئے مخصوص جگہ معین ہے اور ان کے لئے اردو زبان میں مختلف ثقافتی اور مذہبی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔
آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے پاکستانی زائرین کو اربعین حسینی پر آنے کے لئے میرجاوہ بارڈر پر پیش آنے والی مشکلات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آستان قدس رضوی کے محترم متولی کو جیسے ہی ان مشکلات کی اطلاع موصول ہوئی فوراً اپنے ملک کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات کی اور اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا جوکہ ہمارے ملک کے وزیر خارجہ اور پاکستانی آرمی کے تعاون سے حل ہو گئے۔
بختیاری نے بتایا: آستان قدس رضوی پاکستانی زائرین کے لئے میرجاوہ بارڈر پر ایک ویلفیئر کمپلکس کو تعمیر کررہا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران میں داخل ہونے سے ہی زائرین کے احترام کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
پاکستانی آرمی چیف نے بھی مشھد مقدس اور حرم مطہر امام رضا علیہ السلام میں حاضر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور ایران اور پاکستان کے مشترکہ ثقافتی امور کے بارے میں تبادلہ خیال پر تاکید کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/