‫‫کیٹیگری‬ :
04 December 2017 - 13:19
News ID: 432099
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری:
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے مجلس سوئم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید سیدین زیدی امریکہ چھوڑ کر اپنے مظلوم عوام کی ہمدردی کیلئے پاکستان لوٹے تھے۔ جب سانحہ راولپنڈی میں مظلوم مومنین کو بیگناہ اور بےبنیاد مقدمات میں گرفتار کیا گیا تو شہید سے رہا نہ گیا، اپنی فیملی کی پرواہ کئے بغیر وطن واپس لوٹ آئے اور راولپنڈی کے مومنین کی دن رات بےلوث خدمت کی اور انہیں عدالتوں سے باعزت بری کرایا۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں نمازیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ممتاز قانون دان سید سیدین زیدی ایڈووکیٹ کے ایصال ثواب کے لئے مسجد باب العلم آئی ایٹ مرکز میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید سیدین زیدی کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدین زیدی ایک کریم اور نجیب انسان تھے، انسانی کرامت کا ایک اعلٰی نمونہ تھے۔

حجت الاسلام  و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان اس دنیا میں ہمیشہ کے لئے نہیں آیا، مگر جب جاتا ہے تو ہمیشہ کے لئے چلا جاتا ہے، انسان موت و حیات کی سرحد پر کیسے پہنچتا ہے، یہ انتخاب اس کا اپنا ہے، کس کیفیت اور کس حال میں اپنے امام ؑ کا دیدار کرتا ہے، اس کے لئے ہر مسلمان اور خصوصاً ہر مومن کو تیار رہنا چاہیئے۔ جو لوگ کریم ہوتے انہیں ایسے مقام و منصب نصیب ہوتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی کریم ہے اور جو بھی اس کی طرف سے آتا ہے، وہ کریم ہے۔ انبیاء کرام کریم ہیں، ملائکہ کریم ہیں، کتاب الٰہی کریم ہے۔ کریم ایک کرامت کا قبیلہ ہے، بس جس انسان کا ہدف الٰہی ہو جائے وہ کریم ہوتا ہے۔ کریم اور کرامت بڑھائی (بزرگی) کا نام ہے۔ کریم انسان پست نہیں ہوتا اس کی سوچ کریمانہ ہوتی ہے۔ کریم انسان مظلوموں کا حامی اور ظالموں سے نفرت کرنے والا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید سید سیدین زیدی امریکہ چھوڑ کر اپنے مظلوم عوام کی ہمدردی کے لئے پاکستان لوٹے تھے۔ جب سانحہ راولپنڈی میں مظلوم مومنین کو بےگناہ اور بےبنیاد مقدمات میں گرفتار کیا گیا تو شہید سے رہا نہ گیا، اپنی فیملی کی پرواہ کئے بغیر وطن واپس لوٹ آئے اور راولپنڈی کے مومنین کی دن رات بےلوث خدمت کی اور انہیں عدالتوں سے باعزت بری کرایا۔ اللہ تعالٰی نے انہیں اس رتبے اور مقام کے لئے منتخب کیا تھا، شہید سید سیدین زیدی پوری شیعہ قوم کے لئے باعث فخر اور افتخار ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ شہید کہتے تھے کہ امام خمینی ؒ اور امام سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کا راستہ عزت و وقار راستہ ہے اور شہید اسی راستے کے راہی تھے۔ شہید پیرو امام اور پیرو خط ولایت فقیہ تھے۔ شہید کے اندر ایک بڑا پن اور مظلوموں کے لئے ہمیشہ تڑپ رہتی تھی۔ شہید کے اندر قوم کا بےپناہ درد موجود تھا۔ ان کی مذہبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردوں نے اس قوم کو اپنے ایک قیمتی اثاثے سے محروم کر دیا ہے۔ وہ ایک گھر کا شہید نہیں بلکہ پوری ملت کا شہید ہے۔ ہم شہداء کے وارث ہیں ہم ان کے پاکیزہ خون کی لاج ضرور رکھیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے اس واقع میں ملوث افراد کو فوری طور پر بےنقاب کر کے سولی پر چڑھایا جائے۔ ہم ایک بیدار قوم ہیں اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا زندہ و بیدار قوموں کا خاصا ہے۔ ہم اپنے شہدا کے خون کا انصاف چاہتے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کے ساتھ مفاہمتی رویہ ترک کرے اور قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬