رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے فرانس کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل انقرہ میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران امریکا اور اسرائیل پرایران اورپاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔
رجب طیب اردوغان کا کہنا تھا کہ چند ممالک کی ایران اور پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا جن میں امریکا اور اسرائیل سرفہرست ہیں۔
ترکی کے صدرنے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
رجب طیب اردوغان کا کہنا تھا کہ امریکا اوراسرائیل، عراق، شام، لیبیا، تیونس، سوڈان اور چاڈ میں بھی اسی طرح کی مداخلت کر رہے ہیں یہ سارے اسلامی ممالک ہیں اور وہاں کے عوام مسلمان ہیں یہ تمام ممالک قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ عراق اور شام میں امریکا سمیت متعدد مغربی ممالک عوام کو ایک دوسرے سے الجھاتے اور تفرقہ پیدا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن انقرہ کے خلاف سنجیدہ نوعیت کی سازشوں کے عمل کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰