رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیر کے حوالے ھندوستانی حکومت کی کارکردگی کو جلتے پر تیل چھڑکنے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ کشمیری قوم کی ستر سالہ تحریک حقِ خودارادیت کا تسلسل ہے کہا : اس تسلیم شدہ اور باجواز سیاسی جدوجہد کو کچلنے کے لئے بھارت نے روز اول سے ہی طاقت اور تشدد کی پالیسی اختیار کی جس کے ردعمل کے طور پر کشمیری نوجوان عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوئے، ورنہ کشمیریوں سے بڑھ کر دنیا میں کوئی اور قوم عدم تشدد کی روادار نہیں۔
آغا سید حسن نے کشمیر کے اطراف و اکناف میں عسکری تصادم آرائیوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔
آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ آزادی اظہار پر مکمل قدغن ہو اور عوام کو ان کی سیاسی خواہشات کے اظہار سے روکنا غیر سیاسی عمل ہے ۔
انہوں نے آخر میں انجمن شرعی شیعیان کے ایک دیرینہ کارکن محمد عبداللہ میر ساکن وتہ ماگام کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کی تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی۔ /۹۸۸/۔ ن۹۴۰