ہندوستان کے مشہور مبلغ دین مبین اسلام حجت الاسلام سید حسن عباس بلگرامی نے رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر سے خصوصی گفتگو میں کہا : رمضان کے مبارک مہینہ کی بھوک و پیاس میں قیامت کی بھوک پیاس کا تصور کیا جاناچاہیئے اور فقیروں اور مسکینوں کو صدقہ دینا چاہیئے، ان کی ہر طرح سے مدد کی جائے ، بوڑھوں کی تعظیم کی زیادہ تاکید کی گئی ہے ، چھوٹوں پر رحم و شفقت سے پیش آنا چاہیئے ، رشتہ داروں کے ساتھ نرمی و مہربانی پر خاص توجہ دینی چاہیئے ۔
انہوں نے رمضان المبارک میں خداوند عالم سے حاجت طلب کرنے کے سلسلہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے فرمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : تم اچھی نیت اور بری باتوں سے دلوں کے پاک کرنے کے ساتھ اس ماہ میں خدائے تعالیٰ سے سوال کرو کہ وہ تم کو اس ماہ کے روزے رکھنے اور اس میں تلاوتِ قرآن کرنے کی توفیق عطا کرے کیونکہ جو شخص اس بڑائی والے مہینے میں خدا کی طرف سے بخشش سے محروم رہ گیا وہ بدبخت اور بدانجام ہوگا ۔
انہوں نے زبان کی حفاظت کی تاکید کرتے ہوئے کہا : اس مہینہ میں اپنی زبانوں کو ان باتوں سے بچانا چاہیئے جن باتوں کا کہنا صحیح نہیں ہے اور غیبت و تمہت جیسے گناہ سے خود کی حفاظت کرنی چاہیئے ۔
سید حسن عباس بلگرامی نے اپنی آنکھوں پر کنٹرول رکھنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بیان کیا : اس مہینہ میں جن چیزوں کا دیکھنا حرام ہے اس سے اپنی نگاہوں کو بچائے رکھنا چاہیئے کیوں کہ گناہ روزہ دار کے روزہ کی قبولیت میں مانع واقع ہوتا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : اپنے کانوں پر توجہ کرنا چاہیئے تا کہ جن چیزوں کا سننا ہمہارے لیے روا نہیں ہے ان سے اپنے کانوں کو محفوظ رکھیں ۔
ہندوستان کے مشہور مبلغ دین مبین اسلام نے اس مہینہ میں خاص کر یتیم بچوں کا خیال رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا : یتیم بچوں پر رحم کرنا اور ان سے محبت سے پیش آنا ان کی دل جوئی سے خداوند عالم خوش ہوتا ہے اور اس نے تاکید کی ہے یتیم بچوں پر رحم کرو ۔/۹۸۹/ف۹۱۵/