رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے بانی انقلاب اسلامی ایران رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ کی 29 ویں برسی کی مناسبت سے کہا ہے کہ امام خمینیؒ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنما تھے، آپ نے امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور عالمی استکباری قوتوں کے انسان دشمن عزائم کو بے نقاب کیا، آپ نے مستضعفین عالم کو مستکبرین کے مقابل لاکھڑا کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اکیسویں صدی میں قرآن و سنت اور سیرت حضرت محمدؐ و آل محمدؐ پر مبنی اسلامی جمہوریہ کی بنیاد رکھی، جو بیک وقت اسلامی اصولوں کی پاسدار بھی ہے اور دنیا کے مسلمہ جمہوری اصولوں پر عمل پیرا بھی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی نہضت اور تحریک اب عالمی انقلابی تحریک بن چکی ہے، جس سے شیاطین عالم خوف زدہ ہیں، آپؒ نے امام زمانہؑ کے عالمی اسلامی انقلاب کیلئے راہ ہموار کی، جس کے باعث دنیا بھر کی طاغوتی قوتیں خوف زدہ ہوگئیں، کیونکہ انہیں اپنا اقتدار باطل زوال پذیر نظر آرہا ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضترت امام خمینیؒ نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں مستضعفین عالم کی عالمی حکومت کی نوید دی۔ صوبائی سیکریٹری جنرل نے پوری قوم سے اپیل کی کہ رہبر کبیر، فقیہ مجاہد، حضرت امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں، جس میں امام راحلؒ کی شخصیت، افکار و تعلیمات سے نئی نسل کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ فکر خمینیؒ ہمارے لئے رہنما اور ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی و افکار امام خمینیؒ کانفرنس کا انعقاد تین جون بروز اتوار پانچ بجے شام مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ، المرتضیٰ کالونی، ممل روڈ جیکب آباد میں کیا جائے گا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے رہنما اور اہلسنت علماء خطاب کریں گے۔ /۹۸۸/ ن