24 September 2018 - 21:22
News ID: 437226
فونت
اہواز میں حسینیہ ثاراللہ کے سامنے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے شہداء کی تشیع جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
 اہواز میں حسینیہ ثاراللہ

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح ایران کے شہر اہواز کے شہداء کی تشیع جنازہ میں سول و فوجی حکام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی اور حسینیہ ثاراللہ کے سامنے ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

اہواز شہدا کی آخری رسومات کا صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے مجلس عزا اور مصائب بیان کئے جانے کے ساتھ آغاز ہوا۔

اہواز میں حسینیہ ثاراللہ کے سامنے صبح سے ہی ولایت کے متوالوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوگ جوق در جوق جمع ہوتے چلے گئے۔

ایران کے صوبے خوزستان کے لوگوں نے امریکہ مردہ باد، منافقین مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور حسینی عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہادت کو اپنے لئے قابل فخر قرار دیا۔

اہواز کے انقلابی عوام سے اپنے خطاب میں صوبے خوزستان میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام و المسلمین احمد مروی نے کہا کہ اس وحشیانہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کا سلسلہ ابوسفیان و یزید سے جا ملتا ہے جنھوں نے عاشورا کے دن اعلان کیا تھا کہ انھوں نے جنگ بدر کا بدلہ پیغمبر اسلام سے لے لیا۔

جلوس جنازہ میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضایی نے بھی اہواز کے دہشتگردانہ واقعہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس پر دہشت گردوں نے عمل کیا اور یہ ایرانی عوام کی استقامت کے سامنے عالمی سامراج کی ایک اور شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمن ایران میں امن و امان کی صورتحال کو خراب نہیں کر سکتے۔

محسن رضایی کا کہنا تھا کہ اگر دشمن اس قسم کے اقدامات سے ایران کی سکیورٹی اور امن و امان کوخراب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں توانھیں دندان شکن جواب دیا جائیگا۔

ایران کے وزیر دفاع امیر حاتمی نے بھی تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گردوں کو اب ایرانی قوم کے انتقام کا منتظر رہنا ہو گا۔

ایران کے وزیر انٹیلی جینس حجت الاسلام و المسلین سید محمود علوی نے بھی آخری رسومات میں شریک عوام کے عظیم اجتماع سے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں بعض عناصر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایران کے جنوب مغربی شہر اہواز میں دہشت گردوں نے مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے والے عام شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس میں کم سے کم پچیس افراد شہید اور ساٹھ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ تکفیری دہشت گرد گروہ الاحوازیہ نے اس دہشتگردانہ حملے کی ذمہ ھاری قبول کی ہے۔ اس دہشتگرد گروہ کوبرطانیہ اور سعودی عرب کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬