رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بغداد میں ایرانی اور عراقی تاجروں اور سرمایہ داروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ خطے کے ملکوں کی سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہے۔
انہوں نے طاقتور خطے کے قیام سے متعلق تہران کے نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طاقتور خطہ وہ ہوتا ہے جس میں ہمسایہ ممالک دوسرے کی ترقی و پیشرفت کو اپنی ترقی و پیشرفت سمجھتے ہوں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس پرامن خطے میں جنگوں کے بجائے مذاکرات، اسلحہ کی دوڑ کے بجائے تعاون اور بیرونی طاقتوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے آپس میں بردارانہ تعلقات کو رواج دینے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ باہمی اعتماد کے ذریعے ایک طاقتور اور پرامن خطہ آباد کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم مقصد کے حصول کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران خطے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے تیار ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی حد بندی کا قائل نہیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰