رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دینی مدارس کے سربراہ اور امام جمعہ قم المقدس آیت اللہ الشیخ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ اسلام معاشرے میں سیاست کے فروغ اور ظلم و زیادتی کے مقابلے میں جہاد اور بشریت کو سعادت کی راہوں کی طرف لے جانیوالا دین ہے۔
امام خمینی نے دین اسلام کی بنیاد پر انقلاب برپا کیا۔ انقلاب، امت اسلامی کی وحدت کیلئے تمام مذاہب اور اقوام عالم کو غاصبوں کے مقابلے میں اکٹھا کرنا چاہتا ہے۔
بانی انقلاب اسلامی امام خمینی مسلمانوں کے درمیان تعاون اور دشمن کے مقابلے میں مقاومت کے قائل تھے اور یہی فکر ولی امرالمسلمین آیت اللہ خامنہ ای کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عروة الوثقیٰ لاہور میں تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کی زیر صدارت انقلاب اسلامی ایران کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلامی انقلاب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، جامع مسجد خالد کے خطیب پروفیسر ظفراللہ، آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل عارف علی حسنین، مولانا اسرار حقانی، مولانا عبدالمصطفیٰ چشتی سیالوی، مولانا عبدالستار نیازی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا کہ مغربی مفکرین کی سوچ کیخلاف امام خمینی نے مدرسے سے انقلاب برپا کیا اور استعماری قوتوں نے کئی بار اس کے خاتمے کے دعوے کئے، مگر اللہ سبحانہ کی نصرت و تائید سے انقلاب ماضی کے مقابلے میں زیادہ طاقت سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انقلاب عالمی سطح پر استعماری سازشوں سے آزادی کیلئے اسلامی امت کا مقاومتی محاذ تشکیل دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی علمی اور اخلاقی بلندیوں پر فائز ہونے کیساتھ سیاست میں بھی اعلیٰ مقام رکھتے تھے، دنیا کے بڑے بڑے سیاستدان ان کے بادشاہت کیخلاف قیام اور انقلاب کے سامنے سر تسلیم خم ہوگئے۔ علماء و طلباء پر زور دیتے ہوئے آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ وہ اسلام کی بابت قرض ادا کرنے کیلئے علمی اور اصلاحی رہنمائی کیلئے مضبوط کردار اپنائیں۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ امام خمینی نے اللہ کی ذات پر بھروسہ کرکے انقلاب برپا کیا۔ امریکی میڈیا اور حکومت نے متعدد بار انقلاب اسلامی کے خاتمے کی تاریخیں دیں۔ مگر حکومت اسلامی موجود ہے اور امریکہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای شاعر مشرق علامہ اقبال کو اپنا مرشد مانتے ہیں اور امام خمینی پاکستانی قوم کے بہت معتقد تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ انقلاب اسلامی اتحاد امت کی طاقت بنے گا۔ دنیا کو سازشیں چھوڑ کر انقلاب اسلامی ایران کی حقیقتوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ اسلامی ممالک میں جہاں بھی جمہوریت نافذ ہے، وہ مغربی جمہوریتوں کا چربہ ہے۔ مگر امام خمینی نے نظام ریاست چلانے کیلئے شاندار پیغام دیا۔ پروفیسر ظفراللہ نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی بنیاد توحید ہے، جو کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ /۹۸۸/ ن