رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی اسکوائر پر ایک عظيم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو میزائل بنانے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
صدر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے 40 سال قبل انقلاب اسلامی کے ذریعہ ملک سے ظلم و استبداد اور امریکہ سے وابستہ شاہی حکومت کا خاتمہ کردیا اور اللہ تعالی نے ایران کو استقلال اور آزادی کی نعمت عطا کی۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم نے استقامت اور پائداری کے ساتھ خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنادیا اور دشمن کو اس کے اہداف تک پہنچنے میں شکست سے دوچار کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم گذشتہ 40 برسوں کی طرح مستقبل میں بھی اپنا سفر جاری رکھے گی۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی طاقت اور قدرت میں آٹھ سالہ دفاع مقدس کی نسبت کہیں زیادہ اضافہ ہوگیا ہے اور ایرانی جوان ملک اور قوم کا بھر پور دفاع کرنے کے لئے پہلے سے کہیں زيادہ آمادہ ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کو ملکی اور قومی دفاع کے لئے میزائل بنانے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ایران کسی ملک کو ایران کے دفاعی پروگرام میں مداخلت کرنے کی اجازت دےگا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جبکہ سامراجی اور استعماری طاقتیں ایران کی ترقی اور پیشرفت کو روکنے کی تلاش و کوشش کررہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔