رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے فرزند رسول اور شیعیان جہان کے چوتھے امام حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت اور اہل حرم کی اسیری کی یاد میں پورے اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت سید الساجدین کے فضائل و مناقب بیان اور دین اسلام کی حفاظت میں ان کے عظیم الشان کارناموں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
امام زین العابدین کے یوم شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار موجود ہیں جو بیمار کربلا کی مصیبتوں پر اشک عزا بہا رہے ہیں۔
مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ ایران کے مختلف شہروں سے مشہد پہنچنے والی ماتمی انجمنیں منظم شکل میں نوحہ وماتم کرتی ہوئی حرم پہنچ کر امام رضاعلیہ السلام کو ان کے جد کا پرسہ دے رہی ہیں۔
قم المقدسہ میں بھی سوگواروں اور زائرین کی بہت بڑی تعداد امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت پر نوحہ و ماتم کرکے بی بی فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حضور اشکوں کا نذرانہ پیش کرکے انہیں پرسہ دے رہی ہے-
کربلائے معلی نجف اشرف اور کاظمین و سامرا میں بھی غم کی اس تاریخ کی مناسبت سے بڑی بڑی مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دنیا کے دیگرملکوں منجملہ افغانستان، پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش میں بھی آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے فرزند رسول اور شیعیان جہان کے چوتھے امام حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے گریہ و نوحہ خوانی اور سینہ زنی ہو رہی ہے۔
حضرت امام زین العابدین علیہ السلام، 5 شعبان سن اڑتیس ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے اور 25 محرم الحرام کو شہید ہوئے۔
سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔ /۹۸۸/ ن