رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اور ہندوستان اور ان ملکوں کے زیر انتطام کشمیر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین(ع) اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم مذھبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلے میں ان کے مختلف شہروں میں مجالس کا اہتمام کیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں لوگ ماتمی جلوسوں میں شریک ہوئے۔
پاکستان میں جلوس کی گزرگاہوں میں واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس کی نگرانی بھی کی گئی۔
جلوس کے راستوں پر موبائل فون کی سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔
عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کی عبادت گاہوں، مجالس، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف جامع تلاشی، موبائل پیٹرولنگ اور موٹر سائیکل پر گشت میں اضافہ کیا گیا تھا۔اس کے ساتھ بم ڈسپوزل آلات اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی سخت تلاشی بھی لی گئی تھی۔
جلوس کے شرکا نے امریکا اوراسرائیل کے جھنڈے بھی نذر آتش کیے اورلاپتہ افراد کی فوری بازیابی کیلئے بھی مظاہرہ کیا۔ / ۹۸۸/ ن