رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ کربلا معلی میں گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی کروڑوں عاشقان اہلبیت کی چہلم امام حسین علیہ السلام پر دنیا بھر سے آمد اور اجتماع خاندان رسول سے محبت کا عظیم الشان اظہار ہے۔
عراقیوں کی زائرین کی خدمت اور میزبانی کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ نجف تا کربلا پر ہجوم اور طویل کارروان عشق و عقیدت میں تمام اسلامی فرقوں کے زائرین کا اجتماع اتحاد امت کی مضبوط بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ نیاز نقوی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان زمینی راستے سے واپس آنیوالے ہزاروں زائرین کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرے۔ گزشتہ چند سالوں سے تفتان بارڈر پر زائرین کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے پاس مکمل اعداد و شمار موجود ہیں جن کی بنیاد پر تفتان بارڈر پر امیگریشن پلان، پاکستان ہاوس تفتان میں رہائشی سہولیات، کوئٹہ تک سفری سہولیات، کوئٹہ میں رہائش اور سیکورٹی کے امور پر ابھی سے توجہ دی جانی چاہئے۔