رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نےاپنے پیغام میں شہید قاسم سلیمانی کی امریکی ہوائی حملے میں شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی مہندس کی شہادت کا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔
صدر حسن روحانی نے شہید قاسم سلیمانی کو اسلام کا مایہ ناز، شجاع اور بہادر کمانڈر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میجر جنرل سلیمانی خطے میں امریکہ کی تمام دہشت گردانہ پالیسیوں کو ناکام بناتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم اور خطے کی دیگر اقوام شہید قاسم سلیمانی ، شہید ابو مہدی مہندس اور ان کے ہمراہ دیگر شہیدوں کا امریکہ سے سخت انتظام لیں گی اور امریکہ کو اپنے دہشت گردانہ اقدام کا بہت بڑا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔
صدر حسن روحانی نے شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ اور دوستوں اور ایرانی و عراقی اقوام کو تعزيت اور تسلیت پیش کی ہے۔
ایران وزیرخارجہ ایران ڈاکٹر محمد جواد ظریف
امریکہ اپنی دہشت گردانہ اور بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کا ذمہ دارہوگا
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے وہئے کہا ہے کہ امریکہ اپنی دہشت گردانہ اور بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کا ذمہ دارہوگا۔
ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت ایک انتہائی خطرناک اوراحمقانہ حرکت ہے، امریکہ اپنی بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری خود برداشت کرے گا۔
انہوں نے تاکید کی: امریکہ کا عالمی دہشت گردی کا حامی ملک ہے جس نے داعش، النصرہ ،القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کیخلاف جراتمندانہ کارروائی کرنے والی فورس کے سربراہ کو شہید کرکے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ عالمی دہشت گرد تنظیموں کا اصلی حامی اور ان کی پشتپناہی کررہا ہے۔
جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ کو اپنی بد معاش مہم جوئی کا تاوان ادا کرنا پڑےگا اور اس کی مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری اسی کے دوش پر عائد ہوگی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير دفاع جنرل امیر حاتمی
جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا دشمنوں سےسخت بدلہ لیا جائےگا
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير دفاع جنرل امیر حاتمی نے شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا دشمنوں سےسخت بدلہ لیا جائےگا۔
بریگیڈیئر جنرل حاتمی نے اپنے پیغام میں جنرل سلیمانی کی شہادت پر تعزیت اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنوں سے سخت انتقام لیا جائےگا اور ہم دشمنوں کو دنداں شکن جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔
امیر حاتمی نے میجر جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی مہندس کی شہادت پر امام زمانہ (عج) ، رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایرانی و عراقی قوموں کو تعزیت اور مبارکباد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح بغداد ايئر پورٹ کے قریب امریکہ کے ہیلی کاپٹروں کے میزائل حملوں میں جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضاکار فورس کے نائب سربراہ ابو مہدی مہندس سمیت 10 افراد شہید ہوگئے۔/۹۸۸/ن