رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا بغداد میں دو عظیم مزاحمت کاروں جنرل قاسم سلیمانی، عراق کے ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی امریکی حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ جیسی استعماری طاقتوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے جنہیں انسانی حقوق کی کوئی پرواہ ہے، نہ خود امریکی قوانین اور نہ ہی بین الاقوامی حدود کا کوئی لحاظ، امریکی جارحیت تمام حدیں کراس کر چکی ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس داد تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے دہشتگردی کیخلاف عملی طور پر جدوجہد کی اور بہت بڑے فتنے کا نہ صرف خاتمہ کیا بلکہ دیگر استعماری قوتوں کی سازشوں کو بھی اپنی حکمت عملی، تدبر اور بہترین رہنمائی کے ذریعے ناکام بنایا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ امریکہ جیسی استعماری قوتوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے، اس استعماری ملک کی جارحیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ جب چاہے جہاں چاہے اس خطے اور ملک کو تاراج کر دیتا ہے، اسی استعماری طاقت کی وجہ سے آج مشرق وسطیٰ میں اسرائیل جیسا ناجائز وجود پروان چڑھا، جاپان (ناگاساکی، ہیروشیما) عراق، افغانستان اور شام میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے، ان ملکوں میں تباہی پھیلائی گئی اور عوام کو اپنے ہی وطن میں مہاجر بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم استعماریت، ظلم، جبر کیخلاف مزاحمت کرنیوالے سرفروشان اسلام کو تحسین پیش کرتے ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی، عظیم مزاحمت کاروں کے خانوادوں اور چاہنے والوں سے اظہار تعزیت و تبریک کرتے ہوئے شہداء کے بلندی درجات کی دعا کی اور کہا کہ ہم اس غم میں آپ کیساتھ شریک ہیں، یہ نقصان صرف ان خانوادوں کا نہیں بلکہ تمام ذی شعور حریت پسندوں کا ہے ان شہداء کا خلا بمشکل ہی پُر ہوگا۔/۹۸۸/ن