رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اتحاد امت فورم کے زیراہتمام آبپارہ اسلام آباد سے ”امریکہ مردہ باد“ ریلی نکالی گئی، جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھار رکھے تھے، جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل اور شیطانی طاقتوں کے اتحادیوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے، ریلی کے شرکاء نے شہید قاسم سلیمانی سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے ان کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو داﺅ پر لگا رکھا ہے۔ مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقا عزیز ہے تو انہیں چاہیئے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں۔ امریکہ کی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں۔
اس آستین کے سانپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ دوست بن کر نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکا کو اس خطے سے نکالا جائے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی وقار پر امریکی ترجیحات کو مقدم رکھا۔ وزیر خارجہ کو وائٹ ہاوس کی ترجمانی زیب نہیں دیتی۔ انہیں اپنے عہدے سے فی الفور الگ ہو جانا چاہیئے۔ ہمارے حکمرانوں نے اپنے پڑوسی برادر اسلامی ملک کی فوج کے سربراہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار نہ کرکے یہ ثابت کر دیا کہ ان کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں بلکہ امریکہ کے تابع ہے۔ امریکی اطاعت ہی تمام خرابیوں کی جڑ ہے۔ جب تک اس جڑ کو اکھاڑا نہیں جاتا، تب تک عوام کے وقار کو اسی طرح داغدار کیا جاتا رہے گا۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عباس قمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ ایک بار پھر پاکستان کو ایک نئی پراکسی وار میں دھکیلنے کے لئے پر تول رہا ہے۔ امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف ہمیشہ مسلمانوں کے ملک میں بیٹھ کر جنگ لڑی، تاکہ دونوں طرف مسلمانوں کا نقصان ہو۔ امریکہ سے اتحاد کا انجام پاکستان کو دہشت گردی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ دہشت گردی کے اس عفریت نے وطن عزیز کے ستر ہزار سے زائد افراد کو نگل لیا اور اس کے خلاف آج تک جنگ لڑی جا رہی ہے۔ امامیہ آرگنائزیشن کے رہنما اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی کس ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عظیم مجاہد تھے۔ انہوں نے عراق اور فلسطین کے مسلمانوں کے دفاع کے لئے جو کارنامے سرانجام دیئے، انہیں تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ امریکی دہشت گردی کو ایران اور امریکہ کا ذاتی جھگڑا سمجھتے ہیں، وہ عالمی حالات سے باخبر نہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ اس بات کو بارہا دہرا چکا ہے کہ امریکہ کا اگلا ہدف پاکستان اور ایران ہے۔ امریکہ کی ایران کی طرف پیش قدمی ارض پاک کی سالمیت کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔ آئی ایس او کے رہنماء زاہد مہدوی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کے مقابلے میں باطل قوتیں یکجا ہو رہی ہے۔ مسلمانوں کے ایک دوسرے کے قریب آنے کا یہ سب سے نادر موقع ہے۔ احتجاجی ریلی سے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے رہنما علامہ تنویر حسین جعفری، آئی ڈی سی کے مرکزی رہنما فدا حسین، انجمن جانثاران اہلبیت کے رہنما زاہد حسین جعفری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔/۹۸۸/ن