رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ جسم اللہ کی امانت ہے، قرآن و حدیث کی روشنی میں نفس کو نقصان پہنچانا حرام اور جان کی حفاظت واجب ہے، حکم خداوندی ہے کہ اپنے ہاتھ سے خود کو ہلاکت میں مت ڈالو۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں پرہیز صحت کیلئے واجب اور لازم ہے۔
میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ علی سیستانی، دیگر مراجع تقلید اور جامعۃ الازہر مصر کے فتاویٰ کی روشنی میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ضروری ہے، کورونا وائرس کے خاتمے تک نماز باجماعت اور نماز جمعہ کو کچھ عرصے کے لیے موقوف کر دینا انسانیت کے مفاد میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ، مسجد نبوی، نجف اشرف، کربلا معلیٰ، کاظمین شریفین، مشہد مقدس اور معصومہ قم کا مزار اقدس بھی احتیاطی اقدامات کے طور پر عوام کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں۔
علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ حکومت اور طبی ماہرین کی طرف سے صحت کے حوالے سے دی جانے والی ہدایات پر عمل ضروری ہے، عوام احتیاط کریں۔ مساجد کھلی رہیں، اذانیں دی جائیں، لوگ باجماعت کی بجائے، انفرادی نماز پڑھیں اور صفوں اور نمازیوں کے درمیان مجوزہ فاصلہ ہونا چاہیئے۔
علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ کورونا وائرس کے مرض کی وجہ سے مرنیوالے کا غسل، کفن اور دفن واجبات میں سے ہے، البتہ غسل دینے والے کے لئے اپنی جان کی حفاظت ضروری ہے۔ ہاتھ دھوئیں، دستانے استعمال کیے جائیں، غسل کے لیے دو آدمی بھی ہوسکتے ہیں اور ایک آدمی بھی غسل میت دے سکتا ہے، زندہ انسانوں کی زندگی کیلئے احتیاطی تدابیر کیساتھ غسل دیا جانا چاہئے۔/۹۸۸/ن