رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل حجت الاسلام امین شہیدی ودیگر رہنماؤں نے سعودی عرب میں منٰی کے مقام پر ہوئے حادثہ کی بنا پر متعدد حجاج کرام کی شہادت کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔
وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے بیان کیا : منیٰ سانحہ سعودی حکومت کی نا اہلی ہے، حکومت کی جانب سے گمشدا ہم وطنوں کی تلاش کیلئے فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
مکہ مکرمہ سعودی حکومت کی نا اہلی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے ، سعودی حکومت کی انتظامی نا اہلی سے سینکڑوں لوگ شہید اور لاپتہ ہیں اگر سعودی حکومت فریضہ کے دوران حجاج کرام کیلئے انتظامات کو بہتر نہیں بنا سکتی تو دیگر ممالک کو انتظامی معاملات میں شامل کیا جائے تاکہ پھر سے ایسے واقعات کا سامنا نہ کرنا پڑھے ۔
سیکریٹری اطلاعات سید مہدی عابدی نے بھی اس سلسلہ میں بیان کیا : سانحہ منیٰ واقعات کی مکمل طور پر انکوائری کی جانی چاہئے ۔ دفتر خارجہ سے مطالبہ کیا کے وہ سانحہ منیٰ کے بعد گم ہونے والے پاکستانی حجاج کیلئے زبانی جمع خرچ کے بجائے ان کی تلاش کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور حکومت کی جانب سے جلد از جلد وفد کو سعودی عرب روانا کیا جائے تاکہ ہم وطنوں کی تلاش کو ممکن بنایا جاسکے۔
دریں اثناء ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کی سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے خصوصی دعائیں اللہ تعالیٰ اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔